گلبرگ تعلیم کارڈجاری کرنے والا پہلا ٹاؤن بن گیا،منعم ظفر
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کل طلبہ میں تعلیم کارڈ تقسیم کریں گےشعبہ تعلیم کسی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گلبرگ ٹاؤن ملک کا پہلا ٹاؤن ہے جو اپنے ٹاؤن طلبہ کیلئے تعلیم کارڈجاری کر رہا ہے ۔ یہ ایک انقلابی اور تاریخی اقدام ہے جس کے ذریعے نہ صرف طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی عملی جدوجہد کو بھی تقویت ملے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ہفتہ 9 مئی کو رات ساڑھے 7 بجے ایک خصوصی تقریب میں تعلیم کارڈ تقسیم کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ ٹاؤن کے تحت تعلیم کارڈ پروگرام کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی کسی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتی ہے ، نئی نسل کو معیاری تعلیم فراہم کر کے ہی ملک کا مستقبل روشن اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اس وقت ملک میں دیگر شعبوں کی طرح تعلیم کا شعبہ شدید زبوں حالی کا شکار ہے ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں 5 سے 16 سال عمر کے 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 78 لاکھ ہے ، شعبہ تعلیم کسی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، یہی وجہ ہے کہ سندھ کے 41 ہزار سرکاری اسکولوں میں سے 76 فیصد میں بجلی کی سہولت، 25 فیصد میں واش رومز موجود نہیں اور کئی اسکول ایسے ہیں جہاں چار دیواری تک موجود نہیں۔