تمام محکموں سے دو روز میں کا پلان طلب،قربانی کے جانوروں کیلئے سیل پوائنٹس رواں ہفتے فعال
سیل پوائنٹس پرجانوروں کے بیوپاریوں ،خریداروں کو معیاری سروسز فراہمی کیلئے محکموں کی ڈیوٹیاں لگائی جارہی ،عید پر صفائی ،سیوریج سسٹم کی درستگی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں:اے ڈی سی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں سے دو روز میں عید الاضحی کا پلان طلب کرلیا اور واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تمام محکموں کو 14 مئی تک پلان جمع کرانے کی تاکید کی گئی۔اے ڈی سی نے کہا قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے عارضی سیل پوائنٹس کو حتمی شکل دی جارہی ہے جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کو معیاری سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی جس کیلئے ضلعی پولیس،ٹریفک پولیس،ستھرا پنجاب اتھارٹی، واسا، میونسپل کمیٹی ودیگر متعلقہ محکموں کی ڈیوٹیاں لگائی جارہی ہیں۔ عارضی سیل پوائنٹس عید الاضحی سے 10 روز قبل فعال کئے جائینگے جہاں سایہ،پینے کا پانی،سکیورٹی ،پارکنگ انتظامات ہونے چاہئیں۔
لائیو سٹاک حکام جانوروں کی چیچڑ سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کیلئے ضروری طبی سازوسامان کا بندوبست کریں۔انہوں نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو عید قربان پر صفائی کا اعلی ٰمعیار قائم رکھنے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھ کر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ واسا حکام سیوریج سسٹم کی درستگی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں اور زیر تعمیر پراجیکٹس کی سائٹس کو محفوظ بنائیں۔انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کو پارکس میں صفائی اور جھولوں کی فعالیت یقینی بنانے ،ٹریفک پولیس کو موثر ٹریفک مینجمنٹ پر زور دیا۔ سیکرٹری آرٹی اے کو کرایوں پر عملدرآمد کرانے کا ٹاسک تفویض کیا۔ہسپتالوں میں طبی انتظامات ،ریسکیو سروسز سیل پوائنٹس کے نزدیک یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔