عیدالاضحیٰ پر نکاسی آب کا نظام فعال رکھنے کیلئے واسا متحرک
مسنگ مین ہولز کی شکایات پر فوری کارروائی ترجیحی بنیادوں پر کور کر دیا گیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے واسا کا آپریشنز سٹاف متحرک ہے ۔گزشتہ روز ہاؤسنگ کالونی نمبر 1 اور اسلام پورہ میں شہریوں کی جانب سے مسنگ مین ہولز کی شکایات موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر مین ہولز کو کور کر دیا گیا تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا کامران کاہلوں کی ہدایت پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ زین العابدین اور دیگر افسران نے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا اور مشینری کی اپ گریڈیشن و مرمت کے کام کا جائزہ لیا۔
افسران نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ایم ڈی واسا کامران کاہلوں نے کہا کہ صاف ستھرا ٹوبہ ٹیک سنگھ ہمارا مشن ہے اور شہریوں کو بہترین سیوریج و صفائی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں، انتڑیاں، چارہ اور دیگر فضلہ گٹروں، مین ہولز اور ڈرین لائنز میں ہرگز نہ پھینکا جائے تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔