بازاروں میں ترقیاتی کام عید خریداری میں پریشانی کا سامنا

بازاروں میں ترقیاتی کام عید خریداری میں پریشانی کا سامنا

جگہ جگہ بکھرا ملبہ، اینٹوں، بجری اور پتھروں کے ڈھیر شہریوں کیلئے دردِ سر

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر میں جاری بازاروں کی بیوٹیفکیشن اور تعمیراتی منصوبے عیدالاضحیٰ کی آمد کے موقع پر تاجروں اور شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بننے لگے ۔ شہر کے مختلف مرکزی بازاروں، سڑکوں اور گلیوں میں جگہ جگہ بکھرا ملبہ، اینٹوں، بجری اور پتھروں کے ڈھیر شہریوں کیلئے دردِ سر بن گئے ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔عیدالاضحیٰ کی خریداری کے سلسلے میں ان دنوں بازاروں میں رش بڑھنا شروع ہو چکا ہے ، تاہم ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہونے کے باعث بازاروں تک رسائی مشکل ہو گئی ہے ۔ کئی مقامات پر راستے تنگ ہونے سے شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔

جبکہ پیدل چلنے والے افراد، خواتین، بزرگ شہری اور بچوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ کھدائی اور ملبہ پڑا ہونے کے باعث گردوغبار میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے ۔ بعض مقامات پر دکانداروں کے سامنے ملبہ جمع ہونے سے گاہک دکانوں تک پہنچ ہی نہیں پاتے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں