بلو چنی :بازاروں میں تجاوزات دوبارہ قائم، ٹریفک متاثر
فوڈ پوائنٹس کے باہر کرسیاں اور کاؤنٹر دوبارہ قائم کر دیے گئے ، لو گوں کو مشکلات
بلوچنی (نمائندہ دنیا) کھرڑیانوالہ کے بازاروں اور اطرافی علاقوں میں تجاوزات اور ریڑھی مافیا کے دوبارہ قابض ہونے سے ٹریفک کے بہاؤ میں شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، جبکہ پیرا فورس کی کارکردگی پر شہری حلقوں نے سوالات اٹھا دئیے ہیں۔اڈہ چوک، سلپ روڈ اور ملحقہ تمام راستوں پر تجاوزات کے خاتمے کے بعد صورتحال کچھ عرصہ بہتر رہی، تاہم اب ایک بار پھر ریڑھی بانوں اور قبضہ مافیا نے جگہیں سنبھال لی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں کے مطابق سلپ روڈ پر واقع فوڈ پوائنٹس کے باہر کرسیاں اور کاؤنٹر دوبارہ قائم کر دیے گئے ہیں، جس سے سڑک مکمل طور پر بلاک ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اڈہ چوک اور دیگر اہم راستوں پر بھی تجاوزات کے باعث آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کو بھاری تنخواہوں، لگژری گاڑیوں اور جدید سہولیات کی فراہمی کے باوجود تجاوزات کے خاتمے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، اور چند دن کی کارروائی کے بعد صورتحال دوبارہ جوں کی توں ہو جاتی ہے۔