فیصل آباد ڈویژن: 116 علما کی زبان بندی فوج کی 12 رینجرز کی 10 کمپنیاں تعینات ہونگی
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں دورہ ،کمشنر اور آ ر پی او نے محرم انتظامات پر بریفنگ دی ،لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی یقینی بنا نے پر اتفاق
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل امن کمیٹی اور علما کرام سے ملاقات بھی کی گئی۔وفد میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر بلال یاسین، صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ اور بلال اکبر خان شامل تھے ۔کمشنر اور آر پی او نے محرم الحرام انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی ، انہوں نے بتایا 166 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 116 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد میں 328 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے جبکہ 10,707 مساجد، 653 امام بارگاہوں اور 1576 مدارس کو سکیورٹی پلان کے مطابق تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ سکیورٹی کے لیے آرمی کی 12 اور رینجرز کی 10 کمپنیاں بھی تعینات ہوں گی۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر صوبہ بھر میں جا کر انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ بلال یاسین نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے ۔بلال اکبر خان نے کہا کہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں امن و امان کے پیغام کو اجاگر کیا جائے ۔