چناب نگر:ختم نبوت سنٹر میں حضرت عمر فاروقؓ کی یادمیں سیمینار
حضرت عمر فاروقؓ کی سیرت و خدمات امت مسلمہ کیلئے مشعلِ راہ ہیں : مقررین
چناب نگر(نامہ نگار) مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر کے زیر اہتمام ختم نبوت اسلامک سنٹر میں خلیفہ ثانی حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کی یاد میں سالانہ سیمینار منعقد ہوا۔تفصیلات کے مطابق سیمینار میں مقررین نے حضرت عمر فاروقؓ کی سیرت، عدل و انصاف اور فلاحی ریاست کے قیام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔مقررین نے کہا کہ اصحابِ رسول ﷺ کی پاکیزہ زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ حضرت عمر فاروقؓ کا عہد خلافت تاریخ اسلام کا درخشندہ باب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو خلفائے راشدین کے طرزِ حکمرانی کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔مقررین نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا اسلام قبول کرنا اسلام کی سربلندی کا ذریعہ بنا اور ان کے دور میں عدل و انصاف کی ایسی مثالیں قائم ہوئیں جو آج بھی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں اسلامی ریاست ایک وسیع اور پُرامن سلطنت بنی۔مزید کہا گیا کہ حضرت عمر فاروقؓ سادگی، خوفِ خدا اور عشقِ رسول ﷺ کا عملی نمونہ تھے ، جبکہ ان کے دور میں غریبوں، مسکینوں اور عوام کی فلاح و بہبود کو خصوصی اہمیت دی گئی۔آخر میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ صحابہ کرام کے ایام سرکاری سطح پر منائے جائیں، سرکاری میڈیا پر خصوصی پروگرامز نشر کیے جائیں اور یکم محرم الحرام کو حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے ۔