محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، پولیس افسروں کا امام بارگاہوں کا دورہ
جلوسوں کے روٹس اور مجالس کی ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:سی پی او
(فیصل آباد، سٹی رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہوں کا دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر سی ٹی او ناصر جاوید، ایس پی لائل پور ڈویژن عابد ظفر، ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔سی پی او تنویر حسین نے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا اور جلوسوں و مجالس کی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور لائٹنگ کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس میں آنے والے تمام شرکاء کو واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے ۔ عزاداران کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ، پولیس افسران اور جوان الرٹ رہ کر ڈیوٹی انجام دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کی ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔