ٹی ایچ کیو ہسپتال اٹھارہ ہزاری مسائل کا گڑھ، مریضوں کو مشکلات

 ٹی ایچ کیو ہسپتال اٹھارہ ہزاری مسائل کا گڑھ، مریضوں کو مشکلات

علاج کیلئے بار بار تاریخیں دینے اور مریضوں کو نجی اداروں بھیجنے کی شکایات

اٹھارہ ہزاری(نمائندہ دنیا) ٹی ایچ کیو ہسپتال اٹھارہ ہزاری مسائل کا گڑھ بن گیا، مریضوں کو صحت کی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تین لاکھ سے زائد آبادی کے لیے قائم کیا گیا ٹی ایچ کیو ہسپتال بنیادی مسائل کا شکار ہے ، جہاں مریضوں کو ادویات کے حصول اور علاج معالجے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔مریضوں کے مطابق ہسپتال میں اکثر پرائیویٹ ادویات لکھ کر دی جاتی ہیں جبکہ آنکھوں کے ڈاکٹر کی طویل عرصے سے عدم تعیناتی بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے ۔ مزید یہ کہ مستقل ایم ایس کی تعیناتی نہ ہونے اور کم تجربہ کار ڈاکٹر کو چارج دینے کے باعث انتظامی صورتحال متاثر ہے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض ڈاکٹرز اور نرسز کا رویہ مریضوں کے ساتھ نامناسب ہوتا ہے اور مریضوں کو بروقت چیک کرنے کے بجائے تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ٹیسٹوں اور علاج کے لیے بار بار تاریخیں دینے اور مریضوں کو نجی اداروں کا رخ کرنے پر مجبور کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔اس کے علاوہ ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں