یوم شہادت حضرت عمر فاروقؓ پر سنی علماء کونسل کی ریلی
خلفائے راشدین کے ایام شہادت پر عام تعطیل کی جائے :مقررین کاخطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سنی علماء کونسل کے زیر اہتمام یوم شہادت حضرت عمر فاروقؓ پر سرکاری تعطیل کے لیے ایک مطالباتی ریلی سٹیشن چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الخالق رحمانی اور قائد فیصل آباد مولانا حبیب الرحمن صدیقی نے کی۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حضرت عمر فاروقؓ کی شان میں کلمات اور مطالبات درج تھے ۔ شرکاء نے کہاکہ کہ خلفائے راشدین کے ایام شہادت پر عام تعطیل کی جائے اور ان ایام کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ شکاگو کے مزدوروں اور کرسمس کے لیے تو تعطیل کی جاتی ہے لیکن جن ہستیوں کے صدقے ہمیں اسلام اور پاکستان ملا، ان کے ایام پر چھٹی نہ دینا افسوسناک ہے۔
خلیفہ دوئم سیدنا فاروق اعظمؓ کی سیرت کو مینارہ نور قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آپؓ کا دور خلافت مسلمانوں خصوصاً مسلم حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کے مطابق آپؓ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ یوم شہادت حضرت عمر فاروقؓ کو سرکاری سطح پر منایا جائے اور اس روز سرکاری دفاتر میں سیمینار منعقد کر کے آپؓ کے سنہری کارناموں پر روشنی ڈالی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کے ایام ہائے وفات و شہادت کو سرکاری سطح پر منانا وقت کی ضرورت ہے ۔ آپؓ کی شان میں قرآن مجید میں متعدد آیات نازل ہوئی ہیں اور آپؓ اہل بیت سے گہری محبت رکھتے تھے ، جس کی مثال حضرت علی المرتضیٰؓ کے اپنے بیٹے کا نام عمر رکھنا ہے۔