اسلامک ریسرچ سینٹر میں شہادت حضرت عمر فاروقؓ پر سیمینار
عمر فاروقؓ کا دور خلافت عدل و انصاف اور مثالی حکمرانی کا سنہرا باب :مقررین
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) اسلامک ریسرچ سینٹر فیصل آباد میں شہادت حضرت سیدنا عمر فاروقؓ کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں علمائے کرام اور مشائخ عظام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دور خلافت عدل و انصاف، رواداری اور مثالی حکمرانی کا سنہرا باب ہے ، جس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ آپؓ نے ایسا نظام عدل قائم کیا جو آج بھی دنیا کے لیے مشعل راہ ہے ۔مقررین نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی فضیلت اور مناقب قرآن و حدیث میں موجود ہیں اور آپؓ کا اسوہ حسنہ حکمرانوں اور عوام دونوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے ۔ سیمینار میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صحابہ کرامؓ، اہل بیتؓ اور ازواج مطہراتؓ کے تقدس کو ملحوظ رکھنا ہر مسلمان کا دینی، اخلاقی اور ایمانی فریضہ ہے۔
علمائے کرام نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یقین دلایا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ متفقہ قومی بیانیہ \"پیغام پاکستان\" کی روشنی میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا اور معاشرے میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنایا جائے گا۔سیمینار سے فاضل مدینہ یونیورسٹی ڈاکٹر قاری محمد یعقوب شیخ، چیئرمین رابطہ علماء و مشائخ پاکستان، چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی، صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی، مولانا یوسف فاروقی، علامہ طاہر الحسن، علامہ ریاض کھرل، الحاج نصیر وہرہ، حافظ خبیب حمید سمیت دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کیا۔