این ٹی یو میں دوہرا بینکاری نظام پر سیمینارونمائش کاانعقاد

 این ٹی یو میں دوہرا بینکاری نظام پر سیمینارونمائش کاانعقاد

طلبہ نے اسلامی و روایتی بینکاری مصنوعات پر تقابلی پیشکشیں پیش کیں، ماہرین نے سراہا

 فیصل آباد (نیوز رپورٹر) نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) فیصل آباد کے شعبہ بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس اور بی بی اے کے طلبہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے دوہرا بینکاری نظام کے موضوع پر ایک معلوماتی اور انٹرایکٹو سیمینار اور نمائش کا انعقاد کیا۔یہ پروگرام فیصل آباد بزنس اسکول کے فیکلٹی ممبر اور ایم بی اے پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فلک شیر کی نگرانی میں منعقد ہوا جس کا مقصد طلبہ کو پاکستان کے بینکاری نظام، خصوصاً روایتی اور اسلامی بینکاری کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔اس سرگرمی میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ہر ٹیم کو ایک بینکاری مصنوعات تفویض کی گئی۔

جس پر انہوں نے روایتی اور اسلامی بینکاری دونوں نظاموں میں اس کی خصوصیات، طریقہ کار اور عملی اطلاق کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ خوبصورتی سے سجائے گئے اسٹالز، تحقیقی پریزنٹیشنز اور تجزیاتی رپورٹس نے شرکاء کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔تقریب میں بینکاری شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی شرکت کی جن میں میزان بینک کے مفتی عبدالباسط، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے احمد بلال عارف اور محمد سلیمان شامل تھے ۔ مہمانوں نے طلبہ کے سٹالز کا دورہ کیا، ان کے تحقیقی معیار اور تجزیاتی صلاحیتوں کو سراہا اور مالیاتی شعبے میں کیریئر کے لیے اس نوعیت کی عملی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طلبہ ٹیموں میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں