ٹیکسٹائل ملز سے رشوت طلبی کا الزام، ای او بی آئی کے 2 افسروں کیخلاف مقدمہ
ای او بی آئی میں بدعنوانی کی تحقیقات کی جائیں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں:شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ٹیکسٹائل ملز انتظامیہ سے مبینہ رشوت طلب کرنے کے الزام میں ای او بی آئی کے ڈائریکٹر شیخ نثار احمد اور انسپکٹر محمد نوازش کے خلاف تھانہ ایف آئی اے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں قائم ہزاروں صنعتی یونٹس میں لاکھوں مزدور روزگار سے وابستہ ہیں، جن کے حقوق کے تحفظ اور مالی سہولیات کی فراہمی کے لیے ای او بی آئی کا نظام قائم کیا گیا تھا۔ تاہم بعض افسران اور ملازمین پر الزام ہے کہ وہ نجی اداروں کی انتظامیہ سے مبینہ طور پر بھاری نذرانے وصول کرتے ہیں اور اس کے بدلے مزدوروں کا ریکارڈ سرکاری سسٹم میں درج نہیں کرتے ، جس کے باعث ورکرز مختلف مالی مراعات سے محروم رہ جاتے ہیں۔ سمال اسٹیٹ انڈسٹری میں قائم ایک نجی ٹیکسٹائل مل کی انتظامیہ سے مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق پہلے 50 ہزار روپے وصول کیے گئے جبکہ مزید 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا گیا، جس پر انتظامیہ نے ایف آئی اے سے رجوع کیا۔ شکایت موصول ہونے پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔ اس نوعیت کے متعدد واقعات ماضی میں بھی رپورٹ ہو چکے ہیں، تاہم ملوث عناصر کے خلاف مؤثر محکمانہ کارروائی نہ ہونے کے باعث شکایات کا سلسلہ برقرار ہے ۔ شہریوں اور مزدور حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ای او بی آئی میں مبینہ بدعنوانی کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔