سی پی او فیصل آباد کا جڑانوالہ امام بارگاہ اور جلوس روٹس کا دورہ
داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کو چیک کیا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد تنویر حسین نے رات گئے مرکزی امام بارگاہ جڑانوالہ اور مرکزی جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی جڑانوالہ ڈویژن محمد اختر وینس، ڈی ایس پی ساجد محمود سہیل اور انچارج سیکیورٹی برانچ حاجی محمد عنصر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے محرم الحرام کے سلسلے میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوس کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور نفری کی تعیناتی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔دورے کے دوران انہوں نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی۔ سی پی او نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر واقع اہم عمارتوں پر روف ڈیوٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔