این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کو فوری ڈی سیل کر نے کا مطالبہ

این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کو فوری ڈی سیل کر نے کا مطالبہ

انسٹی ٹیوٹ کو سیل کرنا طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر حملہ ہے ، ایمپلائز یونین این سی بی اے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ایمپلائز یونین (این سی بی اے ) نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد کو سیل کیے جانے کے اقدام کو طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر حملہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ادارہ ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔یونین کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں صدر عرفان خان اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ وفاقی حکومت کے زیر انتظام ایک اہم تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے ، جسے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی کے جواز پر سیل کرنا نہایت افسوسناک، غیر مناسب اور عوامی مفاد کے منافی اقدام ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے میں اس وقت تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ امتحانات بھی جاری ہیں، لہٰذا ایسے موقع پر ادارہ سیل کرنے سے سینکڑوں طلبہ کے تعلیمی مستقبل، امتحانی نظام اور تدریسی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اہلکاروں نے بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی، جبکہ اس دوران طلبہ امتحانات میں مصروف تھے ، جس سے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں شدید اضطراب پیدا ہوا۔ یونین نے مطالبہ کیا کہ اس کارروائی کے احکامات کس کی ہدایت پر اور کن حالات میں جاری کیے گئے ، اس حوالے سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے ۔ایمپلائز یونین (این سی بی اے ) نے حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، متعلقہ حکام اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کے تقدس، طلبہ کے مفاد اور جاری امتحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں