منشیات کے دن پر واک، معاشرے کو پاک بنانے کا عزم
شرکانے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر انجمن انسدادِ منشیات اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے تعاون سے ضلع کونسل چوک سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب کرنل ذاکر علی خان نے کی۔واک میں ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نواز نت، ماہرِ امراضِ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر، جنرل سیکرٹری انجمن انسدادِ منشیات آمنہ اکرم، انسپکٹر محمد شاہد رفیق جٹ، انسپکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل علی، افضل جلندھری اور دیگر نے شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر \"ہمارا عہد، ہمارا خواب، منشیات سے پاک پنجاب\" سمیت انسدادِ منشیات سے متعلق مختلف نعرے درج تھے ۔اس موقع پر کرنل ذاکر علی خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ منشیات کا ناسور معاشرے کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے ۔ اس لعنت کے مؤثر خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جاری انسدادی کاوشوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔