گرمی سے بچاؤ کیلئے زیادہ پانی پئیں:ڈاکٹر غلام عباس
ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کیلئے انتظامات مکمل
کمالیہ(نمائندہ دنیا )میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ ڈاکٹر غلام عباس نے شہریوں کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے کہا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ بزرگ، بچے اور بیمار افراد خاص طور پر احتیاط کریں اور بلا ضرورت دوپہر کو گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور شدید گرمی پر سایہ دار مقامات پر قیام کریں۔ اگر کسی شخص کو چکر آنے ، بے ہوشی، تیز بخار، شدید کمزوری یا سانس لینے میں دشواری محسوس ہو تو فوری قریبی طبی مرکز یا ٹی ایچ کیو ہسپتال سے رجوع کیا جائے ۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ میں ہیٹ سٹروک اور گرمی سے متاثرہ مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور طبی عملہ الرٹ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔