محکمہ ماحولیات غفلت ، بھٹے ،صنعتی یونٹس سیاہ دھواں اُگل رہے

محکمہ ماحولیات غفلت ، بھٹے ،صنعتی یونٹس سیاہ دھواں اُگل رہے

ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باوجود مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے برابرصنعتی علاقوں کے مکین سانس ،پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا ، کارروائیوں کامطالبہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)محکمہ ماحولیات کی غفلت سے شہر اور گردونواح میں بھٹے اور صنعتی یونٹس سیاہ دھواں اُگل رہے ہیں جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باوجود مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے شہری سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف صنعتی علاقوں، جھنگ روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ اور گردونواح میں قائم اینٹوکے بھٹوں اور فیکٹریوں سے دن رات سیاہ دھواں نکل رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودہ دھواں فضا کو زہریلا بنا رہا ہے۔

مگر محکمہ ماحولیات کی جانب سے مستقل نگرانی اور سخت کارروائی دکھائی نہیں دیتی، جسکے باعث قانون شکن عناصر بلاخوف سرگرم ہیں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے سے بچوں، بزرگوں اور دمے کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری اور دیگر امراض کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سیاہ دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں ،پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے اینٹی سموگ مہم، بھٹوں کی نگرانی، دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس کیخلاف کارروائی اور زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن فیصل آباد میں عملی طور یہ اقدامات نظر نہیں آتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں