جماعت اسلامی کا بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
ہریونین کونسل میں امیدوارکھڑے کئے جائینگے ، ضلعی امیر کی زیرصدارت فیصلہ
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپورطریقہ سے حصہ لینے کا اعلان کردیا۔ہریونین کونسل میں امیدوارکھڑے کئے جائیں گے ۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ضلعی صدر سیاسی کمیٹی افضال شاہین نے کہا کہ عوام نے تینوں بڑی جماعتوں کوآزمالیا،اب دوبارہ ان کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے ۔ جماعت اسلامی عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری مصوراقبال چیمہ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہاجماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتی ہے ۔ مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ ہمارے پاس بہترین لوگ ہیں اور پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے اور اداروں کو ٹھیک کرنے کا مکمل روڈ میپ ہے ۔ جماعت اسلامی کے سینکڑوں افراد منتخب ہو کر قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبربنے، کسی ایک ممبرپربھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ قوم کو اہل اور ایمان دار قیادت کی ضرورت ہے۔
جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی مثالیں قائم کیں۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلا کر حقیقی آزادی کی بنیاد رکھی جائے ۔گزشتہ 78 برسوں سے وطن عزیز پر قابض کرپٹ حکمرانوں، اشرافیہ، جرنیلوں اور بیوروکریسی نے عام پاکستانی کو ظلم، ناانصافی، جعلی انتخابات اور طبقاتی نظام کے بوجھ تلے دبا کر رکھا ہوا ہے ۔ قوم اس ظالمانہ نظام کی تبدیلی کیلئے ہماراساتھ دے۔