ڈی ایچ کیو ٹوبہ میں سرکاری کیتھ لیب کے قیام کا آغاز
مختلف آسامیوں پر تعیناتی کیلئے کوالیفائیڈ امیدواروں سے درخواستیں طلب
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت پنجاب نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کو جدید امراضِ قلب کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سرکاری سطح پر کیتھ لیب (Cath Lab)اور انجیوگرافی سروس کے قیام کے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ۔اس سلسلے میں کیتھ لیب کے لیے مختلف آسامیوں پر تعیناتی کیلئے کوالیفائیڈ اور تجربہ کار امیدواروں سے درخواستیں طلب کرتے ہوئے باقاعدہ اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیتھ لیب کے قیام سے دل کے مریضوں کو انجیوگرافی سمیت دیگر اہم تشخیصی اور علاج کی سہولیات مقامی سطح پر سرکاری طور پر میسر آئیں گی، جس سے انہیں فیصل آباد، لاہور اور دیگر بڑے شہروں کے مہنگے اور طویل سفر سے نجات ملے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال کے احاطے میں انجیوگرافی کی سہولت نجی شعبے کے ذریعے محدود پیمانے پر فراہم کی جا رہی تھی۔
تاہم اب حکومت پنجاب کی جانب سے یہ سہولت سرکاری سطح پر فراہم کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس سے عوام کو معیاری علاج کم خرچ یا سرکاری پالیسی کے مطابق دستیاب ہو سکے گا۔محکمہ صحت کے مطابق کیتھ لیب کے لیے ماہر ڈاکٹروں، ٹیکنالوجسٹس، نرسنگ اسٹاف اور دیگر تکنیکی عملے کی بھرتی کا عمل اشتہار کے مطابق مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد جدید طبی آلات کی تنصیب اور دیگر انتظامات بھی مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے ۔شہریوں، سماجی حلقوں اور مریضوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سرکاری کیتھ لیب کے قیام سے نہ صرف ہزاروں دل کے مریض مستفید ہوں گے بلکہ بروقت تشخیص اور علاج کی بدولت قیمتی جانیں بچانے میں بھی مدد ملے گی۔