پولیس کے مؤثر اقدامات ، جرائم میں 71 فیصد کمی ریکارڈ
رواں سال 313 گینگز کے 827 ملزم گرفتار ،کروڑوں کا مال مسروقہ برآمدکیا گیا، شہریوں کے قیمتی جان مال کے تحفظ کیلئے پولیس ہمہ وقت مصروف :آر پی او، سی پی او
فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد ڈویژن میں ڈکیتی، چوری ، منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ،گزشتہ سال کی نسبت تمام جرائم کی وارداتوں میں 71فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ریجن بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ ہونے پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین نے مؤثر حکمت عملی کے تحت خصوصی پلان ترتیب دیا اور ضلع بھر میں ناکہ بندی، پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا ۔ مؤثر اقدامات کے پیش نظر گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اب تک تمام جرائم کی وارداتوں میں 71فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی اور اس دوران اب تک ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 313خطرناک گینگز کے827ملزموں کو گرفتار کرکے موٹر سائیکلز، طلائی زیور ات، موبائل فونز،مویشی اور تقریباً28کروڑ22لاکھ روپے سے زائدنقدی برآمد کی جا چکی۔
منشیات فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف 5166مقدمات درج کر کے 5336 ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور 341کلو چرس، 233 کلو آئس ، 66259 لٹر شراب، 910کلو افیون اور 814کلو ہیروئن برآمد کی گئی ۔ قتل کے 201، اقدام قتل کے 248 اشتہار ی ملزموں کیساتھ ساتھ اے کیٹگری کے 2015، بی کیٹگری کے 5324 اشتہاریوں کو حراست میں لیاگیا، ان اقدامات کی وجہ سے قتل کے واقعات میں 27 فیصد ،رابری معہ قتل کے مقدمات میں 54 فیصد ، ڈکیتی کی وارداتوں میں 66 فیصد،سرقہ بالجبر کے مقدمات میں 62فیصد ، کار چھیننے کے واقعات میں67فیصد اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 66فیصد کمی ہوئی ۔ مجموعی طور پر جرائم کی وارداتوں میں 71فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس حوالے سے آر پی او فیصل آباد اور سٹی پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے قیمتی جان مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔