غیر قانونی تعمیرات،23 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کیے گئے
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کا اجلاس ، افسروں کو کار کر دگی بہتر بنانے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کی ریکوری ٹیم نے خصوصی مہم کے دوران گزشتہ مالی سال میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 23 کروڑ 70 لاکھ روپے کی وصولی کی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے ۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی، جس میں گزشتہ مالی سال کے دوران ریونیو ریکوری کی کارکردگی اور رواں مالی سال کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ٹو اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو اور دیگر متعلقہ افسر بھی شریک تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ہدایت کی کہ رواں مالی سال میں ریونیو ریکوری اور ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ادارے کے مالی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے پروگراموں کی تکمیل کے لیے ناگزیر ہے ، لہٰذا تمام متعلقہ افسر اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور مقررہ ریکوری اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments