حیدر گارڈن میں آوارہ کتوں کے حملوں پر شہریوں کا احتجاج
کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) جڑانوالہ کی رہائشی سوسائٹی حیدر گارڈن میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ رہائشیوں کے مطابق گلیوں اور پارکوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی سے بچوں اور دیگر مکینوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں ایک آوارہ کتے نے ساڑھے تین سالہ بچی رشمہ پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا، جبکہ اس سے تین روز قبل ساڑھے چار سالہ بچے حمزہ بھی مبینہ طور پر آوارہ کتے کے حملے میں زخمی ہوا تھا۔ ان واقعات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے اور والدین اپنے بچوں کو گھروں سے باہر بھیجنے سے گریز کر رہے ہیں۔مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ سوسائٹی کی سکیورٹی اور دیکھ بھال کی مد میں ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں، تاہم آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔رہائشیوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے آوارہ کتوں کی تلفی یا انسداد کے لیے خاطر خواہ کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں، خصوصاً بچوں، کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments