برف کے کارخانوں میں ناقص صفائی پر شہریوں کی تشویش
برف کی تیاری میں صاف اور فلٹر شدہ پانی کے بجائے آلودہ پانی کا استعمال
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر اور گردونواح میں قائم برف کے کارخانوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، آلودہ پانی کے استعمال اور برف میں کچرے کی موجودگی پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد آئس پلانٹس میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث غیر معیاری اور آلودہ برف روزانہ مارکیٹ میں سپلائی کی جا رہی ہے ۔ ان کے مطابق برف کی تیاری میں صاف اور فلٹر شدہ پانی کے بجائے آلودہ پانی استعمال کیا جا رہا ہے ، جبکہ برف کے بلاکس میں گرد، مٹی، کیڑے مکوڑے اور دیگر کچرے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ دکاندار، ہوٹل، جوس کارنرز اور مشروبات فروش بڑی مقدار میں یہی برف استعمال کر رہے ہیں، جس سے عوام براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ماہرینِ صحت کے مطابق آلودہ برف کے استعمال سے ہیضہ، گیسٹرو، اسہال، ٹائیفائیڈ، پیٹ اور معدے کی دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ناقص صفائی والے آئس پلانٹس میں جراثیم کی افزائش عام ہوتی ہے اور غیر معیاری پانی سے تیار کی گئی برف انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ برف کے کارخانوں کی فوری اور سخت چیکنگ کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments