شورکوٹ:مردہ مرغیوں سے بھرا رکشہ پکڑا گیا2افراد گرفتار
مردہ مرغیاں فیصل آباد منتقل کی جا رہی تھیں،موقع پر ہی تلف کر دیا گیا
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شورکوٹ کے علاقے مچھر چوک میں کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے بھرا ایک رکشہ پکڑ لیا اور تقریباً 480 کلوگرام مردہ مرغیاں برآمد کر لیں، جن کی مالیت تقریباً دو لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔فوڈ سیفٹی آفیسر محمد آصف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رکشے سے مردہ مرغیاں قبضے میں لیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ مردہ مرغیاں فیصل آباد منتقل کی جا رہی تھیں۔کارروائی کے بعد تھانہ شورکوٹ کینٹ پولیس نے رکشہ ڈرائیور مصور اعجاز اور مبینہ مالک غلام عباس ولد رفیق، سکنہ 3 گھگھ شورکوٹ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔فوڈ سیفٹی آفیسر محمد آصف کے مطابق برآمد ہونے والی مردہ مرغیوں کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ مضر صحت گوشت کی فروخت کو روکا جا سکے اور عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments