تحریک آواز کمالیہ کا ’’انڈسٹری بچاؤ، مزدور بچاؤ‘‘ مہم کا اعلان
صنعتوں کی بندش کا سلسلہ نہ رکا تو بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوگا:مقررین
کمالیہ (نمائندہ دنیا)تحریک آواز کمالیہ کے زیر اہتمام بند ہوتی کاٹن پاور لومز انڈسٹری، صنعتی مزدوروں میں بڑھتی بے روزگاری اور پنجاب حکومت کی جانب سے صنعتی مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیے جانے کے خلاف پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ’’تحریک انڈسٹری بچاؤ، مزدور بچاؤ‘‘ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ کاٹن پاور لومز انڈسٹری کی مسلسل بندش کے باعث کمالیہ کے سینکڑوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کا معاشی نظام متاثر ہونے کے ساتھ مقامی معیشت بھی شدید بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صنعتوں کی بندش کا سلسلہ نہ روکا گیا تو بے روزگاری اور غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔رہنماؤں نے فیصل آباد کے صنعتی مزدوروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے فیصل آباد میں ہونے والے آئندہ احتجاج میں کمالیہ سے بھی تحریک آواز کمالیہ کی قیادت میں مزدوروں اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی آواز ہر فورم پر بلند کی جائے گی اور ان کے جائز حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ محض اعلانات یا وقتی یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ بند ہوتی صنعتوں کو بحال کر کے مزدوروں کے روزگار اور معاشی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments