ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، ہڑتال پر تین پیٹرول پمپس سیل
سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر جرمانے ، ایندھن فراہمی یقینی بنانے کا عزم
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)حکومت کی ہدایات پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ہڑتال کے دوران کارروائی کرتے ہوئے تین پٹرول پمپس سیل کر دیئے ، جبکہ متعلقہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل دار رانا عدیل نے پیرا فورس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ہڑتال کے باوجود پٹرول کی فروخت بند رکھنے پر ٹی چوک گو پمپ، تلمبہ روڈ پی ایس او پمپ اور جی ٹی روڈ سبزی منڈی پمپ کو سیل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ پمپ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔تحصیل دار رانا عدیل نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ سرکاری ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments