ڈپٹی کمشنر کا دریائے چناب کے طالب والا مقام کا ہنگامی دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے علی الصبح دریائے چناب کے طالب والا مقام کا ہنگامی دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی و انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر محکمہ انہار، پی ڈی ایم اے ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے انہیں دریائے چناب میں متوقع پانی کی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور ہنگامی پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں طالب والا کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے کے گزرنے کا خدشہ ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ اگر پانی کا بہاؤ اڑھائی لاکھ سے ساڑھے تین لاکھ کیوسک تک پہنچتا ہے تو تحصیل کوٹمومن کے گیارہ دیہات متاثر ہو سکتے ہیں۔
ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی کی صورت میں 23دیہات جبکہ ساڑھے چار لاکھ کیوسک سے زائد بہاؤ ہونے پر 41 دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات فوری مکمل کیے جائیں۔ دریائی کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بروقت وارننگ جاری کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments