پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی بہتر بنائیں، حنا ارشد
ذخیرہ اندوزوں ،گرانفروشوں کیخلاف موثر کارروائی کی جائے ، ڈپٹی کمشنر
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، پرائس کنٹرول اقدامات اور مہنگائی مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، فیلڈ انسپکشنز میں اضافہ کریں اور گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔حنا ارشد نے ہدایت کی کہ بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے اور تمام مارکیٹوں میں سرکاری نرخ ناموں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرا فورس اور متعلقہ ادارے مشترکہ انفورسمنٹ ٹیموں کے ذریعے کارروائیاں مزید مؤثر بنائیں تاکہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی نعیم صادق چیمہ بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments