بارشیں، شہری احتیاط کریں، افواہوں پر یقین نہ کریں، ڈی سی
مظفرگڑھ میں دفعہ 144 نافذ، دریاؤں اور نہروں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور صرف مستند سرکاری معلومات پر اعتماد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ، جس کے تحت ندی نالوں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بارشوں کے دوران آبی گزرگاہوں میں نہانے سے روکیں کیونکہ پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سیلاب سے متعلق غیر مصدقہ خبریں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں، جن پر ہرگز یقین نہ کیا جائے ۔ ان کے مطابق اس وقت تقریباً ڈھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلا قادرآباد سے گزر رہا ہے ، تاہم اس کے پیچھے کسی غیر معمولی سیلابی صورتحال کی اطلاع نہیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متعلق معلومات صرف پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور ضلعی انتظامیہ کے سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments