جماعت اسلامی کا سابق ایم این اے سے معافی کا مطالبہ
عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی، کسی دباؤ میں نہیں آئینگے :ڈاکٹر عطاء اللہ حمید
گوجرہ (نمائندہ دنیا)ضلعی امیر جماعت اسلامی ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے تحصیل رہنماؤں کے ہمراہ دفتر جماعت اسلامی گوجرہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم این اے کی جانب سے مختلف عوامی اجتماعات میں اپنے اور جماعت اسلامی کے خلاف مبینہ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ سیاست میں دس سال تک عوامی نمائندہ رہنے والے شخص کو جلسوں میں ایسی زبان استعمال کرنا زیب نہیں دیتا۔ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے الزام عائد کیا کہ ٹوبہ روڈ پر تعمیر کیا گیا انڈر پاس \"انڈر پاس\" کے بجائے \"کھنڈر پاس\" بن چکا ہے ، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی نے اس منصوبے میں مبینہ ٹھیکیداری کرپشن کو بے نقاب کیا، جو سابق ایم این اے کو ناگوار گزرا، جس کے بعد انہوں نے ایک عوامی اجتماع میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور دھمکیاں دیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق ایم این اے اپنے رویے پر عوامی سطح پر معافی مانگیں، بصورت دیگر جماعت اسلامی انڈر پاس منصوبے میں مبینہ کرپشن کو مزید بے نقاب کرے گی۔ پریس کانفرنس میں پی پی 119 کے امیر محمود عزمی، پی پی 120 کے امیر حیدر علی چوہدری، ضلعی نائب امیر مولانا رحمت اللہ ارشد اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments