استحکامِ پاکستان امن کانفرنس کاانعقاد، بین المذاہب ہم آہنگی پر زور
امن کیلئے تمام مکاتبِ فکر کے رہنماؤں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا:مقررین
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان کے زیر اہتمام ‘‘استحکامِ پاکستان امن کانفرنس’’ منعقد ہوئی، جس کی صدارت مرکزی چیئرمین پیر محمد ندیم ابراہیم سیالوی نے کی جبکہ بیرسٹر میاں آفاق جمیل مہمانِ خصوصی تھے ۔ کانفرنس میں سرپرستِ اعلیٰ مفتی نصر اللہ عزیز، مولانا عاقب علی امجد، مولانا عبدالقادر، پیر عبدالرزاق گیلانی، دالدار سندھو ایڈووکیٹ، رانا دلشاد، ملک شہباز سرور، ڈاکٹر دلنواز تیجا، فاروق ایوب، شہزاد مسیح، سلیم مسیح اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام، قومی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے رہنماؤں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی سلامتی و ترقی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ انہوں نے پیر محمد ابراہیم سیالویؒ کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب امن کمیٹی ملک میں امن، اتحاد، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کانفرنس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ مذہبی رواداری، برداشت اور باہمی احترام ہی ایک مضبوط، پرامن اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔ اختتام پر پیر محمد ابراہیم سیالویؒ کے مزار پر حاضری دی گئی اور ملکی سلامتی، امن، استحکام، قومی یکجہتی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments