گو جرہ : صرافہ اور مین بازار سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں
کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں ، دکاندار معاشی مشکلات کا شکار تھے : تاجر
گوجرہ (نمائندہ دنیا) مقامی انتظامیہ نے دکانداروں کے مطالبے پر صرافہ بازار اور مین بازار گوجرہ میں لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں، جس پر کاروباری حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکھ کا سانس لیا۔انتظامیہ نے شہر کے مختلف بازاروں میں رکاوٹیں لگا کر آمدورفت محدود کر دی تھی، جس کے باعث تاجروں کے مطابق کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی تھیں اور دکاندار معاشی مشکلات کا شکار تھے ۔ اس صورتحال پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا اور رکاوٹیں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
گزشتہ روز مرکزی انجمن تاجران گوجرہ کے صدر چو دھر ی منصور احمد بھنگو کی قیادت میں ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر چودھری ریاض احمد گجر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سید یاسر علی شاہ سے ملاقات کی۔ مذاکرات کے بعد انتظامیہ نے صرافہ بازار اور مین بازار سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کر دیا۔شہریوں اور تاجروں نے اسسٹنٹ کمشنر، چیف آفیسر اور مرکزی انجمن تاجران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر بازاروں میں لگائی گئی رکاوٹیں بھی ختم کی جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments