زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر عمل نہ ہونے سے آلودگی میں اضافہ
کئی بھٹہ مالکان نے حکومت کی لازمی قرار دی گئی ٹیکنالو جی کو نہیں اپنایا
چناب نگر(نامہ نگار) بھٹہ جات کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے احکامات کے باوجود چناب نگر اور گردونواح میں متعدد بھٹے مبینہ طور پر تاحال روایتی طریقے سے چلائے جا رہے ہیں، جس کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ اور سموگ کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ نواحی علاقوں میں قائم متعدد بھٹوں اور صنعتی یونٹس سے دن رات سیاہ دھواں خارج ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی بھٹہ مالکان نے حکومت کی لازمی قرار دی گئی زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا۔
جبکہ بعض مقامات پر مبینہ خلاف ورزیوں کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاہ دھواں فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ، جس کے نتیجے میں دمہ، سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں، آنکھوں میں جلن اور گلے کی تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments