ما موں کانجن :بارش سے قبرستان میں کئی قبریں زمین بوس

 ما موں کانجن :بارش سے قبرستان میں کئی قبریں زمین بوس

قبرستان میں نکاسی آب کا کوئی مؤثر انتظام نہیں، انتظامیہ مسئلے سے لاعلم

ماموں کانجن(نمائندہ دنیا) تیز بارش کے بعد ماموں کانجن کے کلمہ چوک قبرستان میں کئی قبریں زمین بوس ہو گئیں، جبکہ بارش کا پانی جمع ہونے سے مٹی بیٹھ جانے کے باعث متعدد قبروں کا نام و نشان بھی مٹ گیا۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ قبرستان میں نکاسی آب کا کوئی مؤثر انتظام نہیں، جس کے باعث ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ اس مسئلے سے لاتعلق ہے اور تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے مرحومین کی قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔

قبرستان آنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آتے ہیں، مگر کئی قبروں کا نام و نشان ہی مٹ چکا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبرستان کی فوری مرمت کرائی جائے اور نکاسی آب کا مستقل بندوبست کیا جائے تاکہ آئندہ بارشوں میں اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...