کمالیہ :بارش، درخت اکھڑ گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم
کئی علاقوں میں گھنٹوں پانی جمع ،گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات
کمالیہ(نمائندہ خصوصی) کمالیہ شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ۔ شدید آندھی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، جبکہ کئی مقامات پر درختوں کی شاخیں سڑکوں اور بجلی کی تاروں پر گرنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔بارش کے دوران بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو گیا اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کی بندش سے گھریلو اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
شدید بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ، جبکہ گلی محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔ کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بارش کے پانی کا دباؤ برداشت نہ کر سکا، جس کے باعث پانی دیر تک کھڑا رہا۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نشیبی علاقوں سے فوری پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے ، بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور گرنے والے درختوں کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments