اٹھارہ ہزاری میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری عاجز
کوئی مقررہ شیڈول نہ ہونے سے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )تحصیل اٹھارہ ہزاری اور گردونواح میں فیسکو کی مبینہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مختلف علاقوں میں روزانہ 8 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے ، جبکہ بجلی کی آمد و رفت کا کوئی مقررہ شیڈول نہ ہونے سے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ گھریلو صارفین کے علاوہ دکاندار، چھوٹے کاروباری افراد اور طلبہ بھی بجلی کی مسلسل بندش سے مشکلات کا شکار ہیں۔
بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک آلات کے خراب ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔اہلِ علاقہ کے مطابق رات کے اوقات میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ، جس سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے فیسکو حکام سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ، جبکہ فیسکو کی جانب سے تاحال اس صورتحال پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments