آوارہ کتوں کی مہم پر یونین کونسل عملہ تعینات ، برتھ ومیرج سرٹیفکیٹ کا حصول مشکل
متعدد سیکرٹریز پہلے ہی ایک سے زائد یونین کونسلوں کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں، دفتری امور متاثر ،محکمہ لوکل گورنمنٹ معاملے کا فوری نوٹس لے تاکہ عوامی خدمات متاثر نہ ہوں:شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے حکام کی جانب سے مبینہ طور پر یونین کونسلوں کے سیکرٹریز اور دیگر عملے کو آوارہ کتوں کے خاتمے کی خصوصی مہم پر تعینات کیے جانے کے باعث یونین کونسلوں میں معمول کے دفتری امور متاثر ہونے لگے ہیں۔ عملے کی عدم موجودگی کے باعث برتھ، ڈیتھ اور میرج سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمول کے چند گھنٹوں کے کام کئی کئی روز تک التوا کا شکار ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے ہر یونین کونسل سیکرٹری کو روزانہ کم از کم دو آوارہ کتے تلف کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ متعدد سیکرٹریز پہلے ہی ایک سے زائد یونین کونسلوں کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں، جس کے باعث دفتری امور پہلے سے متاثر تھے ، جبکہ نئی ذمہ داریوں نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ذریعے چلائی جاتی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں یہ ذمہ داری یونین کونسل کے عملے کو سونپ دی گئی ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور ایسا مؤثر انتظام کرے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم بھی جاری رہے اور یونین کونسلوں میں عوامی خدمات بھی متاثر نہ ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments