آزاد کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ بھی ن لیگ جیتے گی:سردار خلیل
بلاول بھٹو زرداری اپنی جماعت کی کارکردگی اور ارکان اسمبلی کے کردار کا جائزہ لیں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ (ن) نے 98 فیصد کامیابی حاصل کی ہے ، جبکہ 10 اگست کو ہونے والے تیسرے مرحلے میں بھی پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چاہیے کہ وہ آزاد کشمیر میں اپنی جماعت کی حکومتی کارکردگی اور اراکین اسمبلی کے کردار کا جائزہ لیں۔ ان کے مطابق عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور میاں نواز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔سینیٹر سردار خلیل طاہر نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دھاندلی کے الزامات اور تنقید کرنے کے بجائے اپنی سیاسی حکمت عملی اور مستقبل پر توجہ دینی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کی عوامی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو کسی محسن کے بیان پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments