کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنی چاہیے : علامہ عبدالرشید
5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اقدام ایک حملہ تھا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اقدام کشمیری عوام کی شناخت، خودمختاری اور تشخص پر حملہ تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی گئی، جو ان کے بقول بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام نے ان اقدامات کو تسلیم نہیں کیا۔علامہ عبدالرشید حجازی نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سفارتی کوششیں مزید تیز کی جائیں، جبکہ عالمی برادری کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی جاری رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments