گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب
ڈاکٹر رؤف اعظم نے پرچم کشائی کی، گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں 14 اگست 2026ء کو پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی اور گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے پرچم کشائی کی۔ قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔یونیورسٹی ماڈل سکول کے بچوں نے ولولہ انگیز تقاریر جبکہ نصرت فتح علی خان میوزیکل سوسائٹی کے ممبران نے ملی نغمے پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، رجسٹرار، فیکلٹی ممبران، انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ یہ وطن ہمارے بزرگوں کی انتھک کوششوں اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم تعلیم جیسے مقدس پیشے سے وابستہ ہیں اور علم کی شمع روشن کرکے وطن عزیز کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی نہ صرف ہماری آزادی کی یاد دہانی ہے بلکہ عزم نو کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پیارے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments