نوسر باز متحرک ، مسافر اڈے ، بازار غیر محفوظ
پولیس اہلکار، روحانی شخصیت، حساس اداروں کے ملازم ظاہر کر کے نو سر باز شہریوں کو لوٹ رہے ،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) شہر بھر کے مسافر اڈوں، پارکوں، بازاروں، مارکیٹوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر نوسربازی اور فراڈ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ نوسرباز خود کو پولیس اہلکار، روحانی شخصیت، حساس اداروں یا دیگر سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین ظاہر کرکے سادہ لوح شہریوں کو باتوں میں الجھا کر نقدی، موبائل فون، زیورات اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر نوسربازی کے متعدد واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ملزمان شہریوں کو تلاشی، دم درود، انعامات یا دیگر بہانوں سے اپنے قابو میں لے کر ان کا قیمتی سامان ہتھیا لیتے ہیں اور بعد ازاں موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے لاری اڈے ، جی ٹی ایس، ریلوے اسٹیشن، مختلف بازار، مارکیٹیں، پارک اور ہسپتال حالیہ دنوں میں نوسربازوں کی سرگرمیوں کے اہم مراکز بن چکے ہیں۔
متعدد متاثرین کی جانب سے فراہم کردہ حلیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وارداتوں میں ملوث عناصر آپس میں مربوط ہیں اور ایک ہی گروہ یا ایک جیسے ملزمان مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔ذرائع کے مطابق ان مقامات پر نصب سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہے ، تاہم شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ نوسربازوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوسربازی اور فراڈ کی وارداتوں کی روک تھام، ملزمان کی فوری گرفتاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوامی مقامات کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments