گوجرہ میں تجاوزات کا دوبارہ راج، شہری مشکلات کا شکار
خریداری کے لیے آنے والے مرد و خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
گوجرہ (نمائندہ دنیا )گوجرہ شہر میں تجاوزات نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے ،مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز میں دکانداروں کی جانب سے مبینہ طور پر قائم کی گئی تجاوزات نے پیدل چلنے والوں اور خریداروں کے لیے راستے تنگ کر دئیے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے متعدد مصروف بازاروں میں دکانوں کے باہر سامان رکھنے اور غیر قانونی قبضوں کے باعث آمدورفت متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ خریداری کے لیے آنے والے مرد و خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا مؤقف ہے کہ صورتحال سے متعلق انتظامیہ کو آگاہی ہونے کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔عوامی حلقوں کے مطابق تجاوزات کے خلاف ماضی میں کی جانے والی کارروائیوں کے اثرات عارضی ثابت ہوئے اور اب دوبارہ مختلف مقامات پر تجاوزات قائم کر لی گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کنندگان کو کھلی چھوٹ ملنے کے باعث مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر آپریشن کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments