چک نمبر 241 رب چینچل والا میں نکاسی آب کا بحران

چک نمبر 241 رب چینچل والا میں نکاسی آب کا بحران

مین بازار گندے پانی اور کیچڑ کی لپیٹ میں، شہریوں کی آمدورفت متاثر

پینسرہ (نمائندہ دنیا )پی پی 107 کے علاقے چک نمبر 241 رب چینچل والا، آبادی ساتواں میل میں نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔ نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث مین بازار اور ملحقہ آبادیوں میں گندا پانی جمع ہو گیا ہے ، جبکہ یہ پانی بازار سے ہوتا ہوا جھنگ روڈ تک پہنچنے لگا ہے ۔ حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے اور متعدد مقامات پر کیچڑ اور گندے پانی نے شہریوں کی آمدورفت کو شدید متاثر کر دیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق نکاسی آب کا مسئلہ کئی برسوں سے موجود ہے ، تاہم بارہا شکایات اور توجہ دلانے کے باوجود اس کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

مسلسل پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے مین بازار کی سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جبکہ حالیہ بارشوں نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ مین بازار علاقے کی اہم تجارتی گزرگاہ ہے ، لیکن نکاسی آب کا نظام ناکارہ ہونے کے باعث دکانوں کے سامنے گندا پانی اور کیچڑ جمع رہتا ہے ، جس سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق گاہکوں کے لیے بازار تک پہنچنا دشوار ہو گیا ہے جس کے باعث کاروبار مسلسل نقصان اٹھا رہا ہے ۔مقامی تاجروں، شہریوں اور مکینوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، متعلقہ انتظامی افسران، میونسپل اداروں اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ چک نمبر 241 رب چینچل والا کے مین بازار میں نکاسی آب کے مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...