3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی:جماعت اسلامی
حکومت پٹرولیم لیوی ختم، بجلی،روٹی کی قیمتیں کم کرکے ریلیف دے :اظہر اقبال حسن
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم لیوی، بھتہ اور پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم لیوی ختم اور بجلی و روٹی کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کرے ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اظہر اقبال حسن نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ، تاجر رہنماؤں رانا سکندراعظم، حاجی عابد حسین، رانا اکرام اللہ، میاں طاہر ایوب، شیخ محمد مشتاق، رائے ندیم الرحمن، اجمل حسین بدر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اظہر اقبال حسن نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتال بھی ہوگی اور دھرنے بھی جاری رہیں گے ، عوامی حمایت کے ذریعے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام بجلی، گیس، پٹرول، آٹا اور چینی سمیت بنیادی ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے تنگ آچکے ہیں اور مہنگائی کے باعث لوگ گھروں کے کرائے اور بچوں کی فیسیں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے ۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستانی عوام کو مناسب ریلیف نہیں دیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کے نتیجے میں بجلی فی یونٹ 10 سے 16 روپے تک سستی ہوئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 32 روپے فی لٹر کمی ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments