کمالیہ:بدترین لوڈشیڈنگ ، لوگ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور
معمولاتِ زندگی مفلوج، خواتین، بچے ، بزرگ اور مریض مشکلات کا شکار
کمالیہ (نمائندہ خصوصی)کمالیہ شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے ۔ رات کے اوقات میں مسلسل چار سے پانچ گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث شہری، بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ کئی خاندان راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔شہریوں کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے دوران طویل لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیے ہیں۔ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث گھروں میں زیرِ علاج مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
، جبکہ ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کی پریشانی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بجلی کی بندش ناگزیر ہے تو کم از کم اس کا واضح، باقاعدہ اور پیشگی شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام اپنے معمولات اس کے مطابق ترتیب دے سکیں۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے حتی الامکان اجتناب کیا جائے اور بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے کمالیہ میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments