الائیڈ ہسپتال ٹو: ڈاکٹر ہاسٹل میں ناقص کھانے کی شکایات

الائیڈ ہسپتال ٹو: ڈاکٹر ہاسٹل میں ناقص کھانے کی شکایات

کچن میں ناقص صفائی ، غیر معیاری اشیائے خورونوش اور بلیوں کی موجودگی کے الزامات، ہاسٹل انتظامیہ کی غفلت پر سوالات ،مقیم ڈاکٹرز کی صحت کو خدشات

فیصل آباد (عبدالباسط سے )مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹرز کی اپنی صحت سے متعلق تشویشناک صورتحال سامنے آنے لگی۔ الائیڈ ہسپتال ٹو کے ڈاکٹر ہاسٹل میں قائم کچن میں تیار ہونے والے کھانے کے معیار اور صفائی کے ناقص انتظامات کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر ہاسٹل میں مقیم ڈاکٹرز نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ہاسٹل کے کچن میں صفائی ستھرائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہونے کے باعث وہاں تیار ہونے والے کھانے کے معیار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مبینہ طور پر کھانے کی تیاری میں غیر معیاری گھی، کوکنگ آئل، مصالحہ جات اور دیگر ناقص اشیائے خورونوش کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچن میں کھانے کی تیاری کے دوران صفائی کے مطلوبہ اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا جبکہ مبینہ طور پر بلیوں کی موجودگی بھی معمول بن چکی ہے ۔

بعض ذرائع نے کھانے کی اشیاء کو بلیوں اور چوہوں کے منہ لگنے کے واقعات کی بھی نشاندہی کی ہے ۔ اسی طرح ڈاکٹر ہاسٹل میں تیار کیے جانے والے چکن اور قیمے کے معیار جبکہ روٹی کے لیے استعمال ہونے والے آٹے کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز ہاسٹل میں غیر معیاری کھانے اور ناقص صفائی کے حوالے سے ہسپتال حکام کو شکایات بھی درج کروائی گئیں، تاہم الزام ہے کہ مسائل دور کرنے اور معیار بہتر بنانے کے بجائے مبینہ طور پر معاملے کو دبانے اور حقائق چھپانے پر توجہ دی گئی۔ہاسٹل میں رہائش پذیر ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ کچن کے صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے ساتھ کھانے کے معیار کی باقاعدہ جانچ کرائی جائے اور معیاری و صاف ستھرا کھانا فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ ڈاکٹرز ہاسٹل میں رہائش پذیر ڈاکٹرز مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں معیاری اور صاف ستھرا کھانا فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ان کی زندگیوں کو بیماریوں کا شکار ہونے سے محفوظ بنایا جائے ۔ معاملے سے متعلق ہاسٹل وارڈن ڈاکٹر عمران حقائق کے برعکس کہتے ہیں کہ صورتحال بہتر ہے انہیں ڈاکٹرز کی جانب سے کوئی شکائت موصول نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...