شاپنگ مالز، فیکٹریوں میں نامکمل حفاظتی انتظامات، پمز سانحہ پر انتظامیہ کو پھر فائر سیفٹی یاد آگئی
کراچی گل پلازہ سانحہ کے بعدحکو مت نے حفاطتی اقدامات کیلئے احکامات جاری کئے مگر عملدرآمد نہ ہو سکا ،متعدد کمرشل عمارتوں اور پلازوں میں حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) اسلام آباد پمز ہسپتال کے حادثے کے بعد فیصل آباد انتظامیہ ایک بار پھر فائر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے متحرک ہوگئی ہے ، تاہم رواں سال جنوری میں کراچی گل پلازہ میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے بعد جاری کیے گئے احکامات پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انتظامیہ کی موجودہ سرگرمیوں پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ڈویژن بھر کی کمرشل عمارتوں، شاپنگ مالز، پلازوں، فیکٹریوں اور عوامی آمدورفت کی دیگر عمارتوں کی اچانک انسپکشن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ صنعت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر فائر سیفٹی اقدامات چیک کرنے کا ٹاسک سونپنے ، شاپنگ مالز، پلازوں اور کاروباری عمارتوں سے فائر سیفٹی انتظامات مکمل ہونے کے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے اور حفاظتی انتظامات کا آڈٹ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی کے ساتھ ہی متعلقہ محکموں کی ترجیحات بھی تبدیل ہوگئیں اور فائر سیفٹی احکامات پر عملدرآمد کا عمل سست روی کا شکار ہوگیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فیصل آباد میں اب بھی متعدد شاپنگ مالز، فیکٹریوں، پلازوں اور بلند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ، فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات تسلی بخش نہیں ہیں۔معاملے پر انتظامیہ کا مؤقف جاننے کے لیے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments