گنے کی ٹرالیوں کی اوور لوڈنگ روکنے کیلئے سخت کارروائی کا فیصلہ
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس کی سر براہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیرِ صدارت ٹریفک مینجمنٹ اور حادثات کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شوگر کین لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کی اوور لوڈنگ کی روک تھام، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات سے بچاؤ کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز، ریسکیو 1122، محکمہ زراعت، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ شوگر ملز کے نمائندگان اور شوگر کین گروورز نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اوور لوڈنگ کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس کی سربراہی میں اوور لوڈنگ کی روک تھام کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی مؤثر نگرانی کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments