پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان
محدود آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہوگیا
ٹھیکری والا(نمائندہ دنیا)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، گھی، دالیں، چینی، آٹا، پھل، سبزیاں، دودھ، ادویات اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔مہنگائی کے بڑھتے ہوئے بوجھ نے متوسط اور غریب طبقے کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ محدود آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر شعبوں پر پڑتے ہیں، جس کے باعث ہر گزرتے دن کے ساتھ گھریلو اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے۔
شہریوں کے مطابق کاروباری سرگرمیوں میں کمی کے باعث چھوٹے تاجروں اور مزدور طبقے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مہنگائی نے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے جبکہ بجلی، گیس، خوراک، علاج اور سفری اخراجات میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ کئی چھوٹے کاروبار اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث بند ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔عوام نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول اور عام شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments